ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہریانہ اسمبلی انتخاب: کرنال میں کانگریس کارکنان کا احتجاج، ووٹ شماری میں دھاندلی کا الزام

ہریانہ اسمبلی انتخاب: کرنال میں کانگریس کارکنان کا احتجاج، ووٹ شماری میں دھاندلی کا الزام

Wed, 09 Oct 2024 11:01:47    S.O. News Service

کرنال، 9/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) ہریانہ اسمبلی انتخابات کے نتائج سامنے آ چکے ہیں، جہاں بی جے پی نے حیران کن طور پر 48 سیٹیں جیت کر اکثریت حاصل کی ہے، جبکہ کانگریس کو 37 سیٹوں پر ہی اکتفا کرنا پڑا۔ کانگریس نے نتائج پر سوالات اٹھائے ہیں اور دعویٰ کیا ہے کہ کئی ووٹ شماری مراکز پر دھاندلی کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ آج کرنال میں بھی ایک ووٹ شماری مرکز پر صورتحال کشیدہ ہو گئی، جب کانگریس امیدوار ویریندر راٹھوڑ کے حامیوں نے احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی شروع کر دی۔ اس دوران پولیس اور سی آئی ایس ایف اہلکاروں کے ساتھ کانگریس کارکنان کی تلخ کلامی اور دھکا مکی بھی ہوئی، جس سے ماحول مزید گرم ہو گیا۔

دراصل کرنال میں ووٹوں کی گنتی کے دوران کافی دیر تک رجحان جاری نہیں کیے گئے، اور پھر اچانک دعویٰ کیا گیا کہ بی جے پی امیداور ہروندر کلیان نے جیت درج کر لی ہے۔ اس اعلان کے بعد ماحول بگڑ گیا۔ کانگریس امیدوار کے حامیوں نے نعرہ بازی شروع کر دی۔ کانگریس امیدوار کے حامیوں نے انتظامیہ پر سوال اٹھایا اور کہا کہ ووٹ شماری ہو رہی تھی تو رجحان لگاتار جاری کیوں نہیں کیا گیا۔ اچانک بی جے پی امیدوار کو فتحیاب قرار دیے جانے سے کانگریس حامی ناراض ہو گئے اور اس جیت کے پیچھے سازش ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا۔

کانگریس کے ایک حامی نے کہا کہ شروعات سے ہی کانگریس امیدوار کافی آگے چل رہے تھے، لیکن بعد میں کہا گیا کہ مشین خراب ہے۔ جب انہوں نے کاؤنٹنگ پر سوال اٹھایا تو منمانی کی گئی۔ انتظامیہ اور سرکار تاناشاہی رویہ اختیار کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویریندر راٹھوڑ جیت رہے تھے، لیکن بعد میں انہیں پیچھے کر دیا گیا۔ اسی وجہ سے ہم نے انتظامیہ کے خلاف مظاہرہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کافی دیر تک کانگریس امیدوار ویریندر راٹھوڑ کے حامی سڑک پر بیٹھے رہے اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کرتے دکھائی دیے۔


Share: